سیدھے مواد پر جائیں
تشریح کے ساتھ احادیث

مجھے اسلام کے بارے میں کوئی ایسی بات بتا دیں کہ مجھے اس کے بارے میں آپ کے بعد کسی اور سے سوال کرنے کی ضرورت نہ رہے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا : "تم کہو: میں اللہ پر ایمان لایا، پھر اس پر ثابت قدم رہو۔“

عَنْ أَبِي عَمْرٍو- وَقِيلَ: أَبِي عَمْرَةَ-، سُفْيَانَ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللهِ، قُلْ لِي فِي الْإِسْلَامِ قَوْلًا لَا أَسْأَلُ عَنْهُ أَحَدًا غَيْرَكَ، قَالَ: «قُلْ: آمَنْتُ بِاللهِ، ثُمَّ اسْتَقِمْ».
ابو عمرو (بعض کے نزدیک ابو عمرہ) سفیان بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہيں: میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! مجھے اسلام کے بارے میں کوئی ایسی بات بتا دیں کہ مجھے اس کے بارے میں آپ کے بعد کسی اور سے سوال کرنے کی ضرورت نہ رہے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا : "تم کہو: میں اللہ پر ایمان لایا، پھر اس پر ثابت قدم رہو۔“
رواه مسلمدرجہصحيح
تشریح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے ایک صحابی سفیان بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے آپ سے گزارش کی کہ آپ ان کو ایک ایسی بات سکھا دیں، جس کے اندر پورے اسلام کا نچوڑ آ جائے، تاکہ وہ اسے مضبوطی سے پکڑ لیں اور اس کے بارے میں آپ کے علاوہ کسی دوسرے سے پوچھنے کی ضرورت نہ پڑے۔ چنانچہ آپ نے ان سے کہا: تم بس اتنا کہہ دو کہ میں نے اللہ کو ایک مانا اور اس کے رب، اکیلا برحق معبود اور خالق ہونے پر ایمان لایا۔ اور اس کے بعد اللہ کی فرض کی ہوئی چیزوں کو ادا کرتے ہوئے اور اس کی حرام کی ہوئی چیزوں سے دور رہتے ہوئے اس کی اطاعت گزاری کرو اور اسی پر کاربند رہو۔

فوائد
  1. اصل دین اللہ کے رب اور برحق معبود ہونے پر اور اس کے اسما و صفات پر ایمان رکھنا ہے۔
  2. ایمان کے بعد استقامت، تسلسل کے ساتھ عبادت اور اس پر ثابت قدم رہنے کی بڑی اہمیت ہے۔
  3. اعمال کے قبول ہونے کے لیے ایمان شرط ہے۔
  4. اللہ پر ایمان لانے میں ایمان سے جڑی ہوئی وہ بنیادی باتیں، جن پر ایمان رکھنا ضروری ہے اور وہ سارے قلبی اعمال اور باطنی و ظاہری اطاعت گزاری اور خود سپردگی شامل ہیں، جو اس کے تابع ہیں۔
  5. استقامت نام ہے واجبات کی ادائیگی اور منہیات سے اجتناب کے ساتھ سیدھے راستے پر قائم رہنے کا۔
حوالہ

صحيح مسلم (1/ 65) (38). مسند أحمد (24/ 141) (15416). المفهم (1/137). جامع العلوم والحكم (1/507). فتح القوي المتين للعباد (ص 76). شرح الأربعين النووية لعبد الكريم الخضير (ص 285). شرح الأربعين لصالح آل الشيخ (ص 305).

یہ حدیث HadeethEnc.com پر
اللہ عز و جل پر ایمان

یہاں ہر حدیث، درجہ، تشریح اور فائدہ بالکل اسی طرح دکھایا گیا ہے جیسے HadeethEnc.com اسے شائع کرتا ہے، دوبارہ اشاعت کی اس کی شرائط کے تحت۔ درجے کے ساتھ حکم لگانے والے کا نام درج نہیں۔ تراجم اور تشریحات اس کے مصنفین کی اپنی ہیں، اور بعض میں احکام بیان ہوئے ہیں؛ سبیل کے جائزہ کاروں نے انہیں نہیں جانچا۔ عربی حدیث ہی اصل متن ہے۔ ماخذ: HadeethEnc.com