سیدھے مواد پر جائیں
تشریح کے ساتھ احادیث

مردوں کی بہترین صف ان کی پہلی صف ہے اور بدترین صف ان کی آخری صف ہے۔ جب کہ خواتین کی بہترین صف ان کی آخری صف ہے اور بدترین صف ان کی پہلی صف ہے"۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «خَيْرُ صُفُوفِ الرِّجَالِ أَوَّلُهَا، وَشَرُّهَا آخِرُهَا، وَخَيْرُ صُفُوفِ النِّسَاءِ آخِرُهَا، وَشَرُّهَا أَوَّلُهَا».
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: "مردوں کی بہترین صف ان کی پہلی صف ہے اور بدترین صف ان کی آخری صف ہے۔ جب کہ خواتین کی بہترین صف ان کی آخری صف ہے اور بدترین صف ان کی پہلی صف ہے"۔
رواه مسلمدرجہصحيح
تشریح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ نماز میں مردوں کی سب سے بہتر، زیادہ ثواب کی حامل اور فضیلت والی صف پہلی صف ہے۔ کیوں کہ پہلی صف میں کھڑے لوگ امام سے قریب ہوتے ہیں، آسانی سے اس کی قراءت سن سکتے ہيں اور عورتوں سے دور ہوتے ہيں۔ جب کہ مردوں کی سب سے بری، کم ثواب، کم فضیلت والی اور شرعی مقاصد سے سب سے دوری والی صف آخری صف ہے۔ اس کے برخلاف عورتوں کی سب سے بہتر صف آخری صف ہے۔ کیوں کہ یہ ان کے حق میں زیادہ پردے کی حامل، مردوں کے ساتھ اختلاط، ان کے دیدار اور ان کے فتنہ سے زیادہ دور ہے۔ جب کہ ان کی سب سے بری صف پہلی صف ہے، جو مردوں سے قریب ہوتی ہے اور اس میں فتنے کے امکانات بھی رہتے ہيں۔

فوائد
  1. اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے مردوں کو نیکی کے کاموں میں اور نماز کی پہلی صفوں میں جگہ پانے کے لیے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی ترغیب دی ہے۔
  2. خواتین کے لیے مسجد میں مردوں کے ساتھ علاحدہ صفوں میں نماز پڑھنا جائز ہے۔ لیکن پردہ وحجاب اور شائستگى ووقار کے ساتھ ۔
  3. عورتیں اگر مسجد میں یکجا ہوں، تو منتشر رہنے کے بجائے وہ بھی مردوں کی طرح ہی صف بندی کریں گی۔ مردوں ہی کی طرح مل کر کھڑی ہوں گی اور خالی جگہوں کو بھر لیا کریں گی۔
  4. شریعت نے عورتوں کو مردوں سے الگ رہنے کی ترغیب پوری شدت کے ساتھ دی ہے۔ حتی کہ عبادت کی جگہوں میں بھی۔
  5. اعمال کے مطابق لوگوں کے الگ الگ درجات ہوا کرتے ہیں۔
  6. نووی کہتے ہیں: جہاں تک مردوں کی صفوں کی بات ہے، تو علی الاطلاق ان کی پہلی صف سب سے اچھی صف اور آخری صف سب سے بری صف ہوا کرتی ہے۔ لیکن جہاں تک عورتوں کی بات ہے، تو اس حدیث کی روشنی میں عورتیں جب مردوں کے ساتھ نماز پڑھ رہی ہوں، تو ان کی سب سے بری صف پہلی صف اور سب سے اچھی صف اخری صف ہے۔ لیکن جب ان کی الگ جماعت ہو رہی ہو، تو وہ مردوں ہی کی طرح ہیں۔ ان کی سب سے بہتر صف پہلی صف اور سب سے بری صف آخری صف ہوگی۔
  7. نووی کہتے ہیں: قابل ستائش پہلی صف، جس کی فضیلت اور جس میں کھڑے ہونے کی ترغیب سے متعلق حدیثیں آئی ہيں، وہ صف ہے جو امام کے ٹھیک بعد ہو۔ خواہ اس میں کھڑا ہونے والا شخص پہلے آئے یا بعد میں۔ خواہ درمیان میں کوئی كمره وغیرہ حائل ہو یا نہ ہو۔
حوالہ

صحيح مسلم (1/ 326) (440). سبل السلام شرح بلوغ المرام، للصنعاني (1/ 374 ). توضيح الأحكام مِن بلوغ المرام، لعبد الله البسام (2/ 495). فتح ذي الجلال والإكرام شرح بلوغ المرام، لابن عثيمين (2/ 272). مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح، للتبريزي (3/ 851).

یہ حدیث HadeethEnc.com پر
باجماعت نماز کی فضیلت اور اس کے احکام

یہاں ہر حدیث، درجہ، تشریح اور فائدہ بالکل اسی طرح دکھایا گیا ہے جیسے HadeethEnc.com اسے شائع کرتا ہے، دوبارہ اشاعت کی اس کی شرائط کے تحت۔ درجے کے ساتھ حکم لگانے والے کا نام درج نہیں۔ تراجم اور تشریحات اس کے مصنفین کی اپنی ہیں، اور بعض میں احکام بیان ہوئے ہیں؛ سبیل کے جائزہ کاروں نے انہیں نہیں جانچا۔ عربی حدیث ہی اصل متن ہے۔ ماخذ: HadeethEnc.com