ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ مسجد میں معتکف تھے، آپ نے لوگوں کو بلند آواز سے قراءت کرتے ہوئے سنا تو پردہ اٹھایا اور فرمایا: ’’خبردار! تم سب کے سب اپنے رب سے مناجات کر رہے ہو، لہٰذا تم میں سے کوئی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچائے اور نہ کوئی قراءت میں اپنی آواز دوسرے پر بلند کرے۔‘‘ یا فرمایا: ’’نماز میں‘‘۔
رواه أبو داوددرجہصحيح
تشریح
نبی ﷺ اپنی مسجد کے اندر ایک خیمے میں اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لیے معتکف تھے، تو آپ ﷺ نے اپنے صحابہ کو بہت اونچی آواز سے قرآن پڑھتے ہوئے سنا، جس سے وہ ایک دوسرے کو تکلیف پہنچا رہے تھے۔ چنانچہ آپ نے خیمے سے پردہ ہٹایا اور ایسا کرنے والے کو ملامت کی اور اس پر عتاب فرمایا۔ پھر فرمایا: ”تم سب قرآن پڑھ کر اپنے رب سے مناجات کرتے ہو، لہٰذا تم میں سے کوئی دوسرے کو ایذا نہ دے، اور نہ کوئی قراءت میں یا نماز میں اپنی آواز دوسرے پر بلند کرے۔“
فوائد
قرآن کی تلاوت میں آواز بلند کرنے کی ممانعت، اگر اس سے کسی کو اذیت پہنچ رہی ہو۔
اللہ کے نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کو تلاوتِ قرآن کے آداب سکھائے۔
حوالہ
سنن أبي داود (2/ 494) (1332).
شرح سنن أبي داود للعباد (162/ 18).
شرح أبي داود للعيني (5/238).
شرح سنن ابي داود لابن رسلان (6/515).
ذخيرة العقبى (11/669).
یہاں ہر حدیث، درجہ، تشریح اور فائدہ بالکل اسی طرح دکھایا گیا ہے جیسے HadeethEnc.com اسے شائع کرتا ہے، دوبارہ اشاعت کی اس کی شرائط کے تحت۔ درجے کے ساتھ حکم لگانے والے کا نام درج نہیں۔ تراجم اور تشریحات اس کے مصنفین کی اپنی ہیں، اور بعض میں احکام بیان ہوئے ہیں؛ سبیل کے جائزہ کاروں نے انہیں نہیں جانچا۔ عربی حدیث ہی اصل متن ہے۔ ماخذ: HadeethEnc.com