انتقل إلى المحتوى
الكتاب ٦ · إحياء علوم الدين
الكتاب ٦ · اردو

روزوں کا بیان

هذه الترجمة لمترجمها لا لـ«سبيل». تُعرض كما يقدّمها مصدرها، نصًّا قائمًا بذاته تحت كل كتاب بعناوين المترجم نفسه: فهي لا تقابل العربية سطرًا بسطر، وتحتفظ بأخطاء النسخة التي أُخذت منها. لم تقابلها «سبيل» بالعربية، ولم يراجعها أي عالم.

ترجمة: Al-Madina-tul-Ilmiyah (Dawateislami's translation department)احیاء العلوم (اردو ترجمہ)، پانچ جلدیںأُخذت من dawateislami.net (Maktabat-ul-Madina)أُخذ في 2026-10-22

ما يقوله المصدر عنها: The site names the writer as Al Madina-tul-Ilmiyah and the publisher as Maktaba-tul-Madina, with the five volumes published between April 2012 and 2015 and updated in March 2023; it states no licence. The translation sets the Arabic of the verses and narrations in the text, with its own headings and foot-notes giving the sources.

تمام خوبیاں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے جس نے اپنے بندوں پر احسانِ عظیم فرمایا کہ ان سے شیطان کے مکر وفریب کو دور کیا ، اس کی امید کو مردود اور اس کے گمان کو ناکام کر دیا ۔ روزوں کو اپنے دوستوں کے لئے قلعہ اور ڈھال بنایا ۔ ان کے لئے جنت کے دروازے کھول دئیے اور انہیں اس بات کی پہچان کرائی کہ ان کے دلوں تک شیطان کے پہنچنے کا ذریعہ خواہشات ہیں ۔ خواہشات کو ختم کرنے سے نفسِ مطمئنہ دشمن شیطان کو ختم کرنے میں غالب اور قوی ہوتا ہے ۔ مخلوق کے قائد اور سنت پر چلانے والے حضرت سیِّدُنا محمد مصطفیٰ ، احمد مجتبیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اور آپ کے آل واصحاب پر رحمت اور خوب سلام ہو جو روشن بصیرت اور ترجیح یافتہ عقلوں والے ہیں ۔

فضائل روزہ کے متعلق11فرامین مصطفٰے:

بے شک روزہ چوتھائی ایمان ہے ۔ کیونکہ

{1}…روزہ آدھاصبر ہے ۔ (1 )

{2}…اور صبر آدھا ایمان ہے ۔ (2 )

پھر روزے کو یہ خصوصیت حاصل ہے کہ دوسرے تمام ارکان کی بنسبت اسے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے خاص نسبت حاصل ہے ۔ چنانچہ ،

{3}…حدیث ِ قدسی ہے کہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:’’ہر نیکی کا ثواب 10گنا سے لے کر 700گنا تک ہے سوائے روزہ کے ۔ بے شک یہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا ۔ ‘‘ (3 )

ارشاد باری تعالیٰ ہے :

اِنَّمَا یُوَفَّى الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَهُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ(۱۰) ( پ ۲۳ ، الزمر :۱۰)

ترجمۂ کنزالایمان :صابروں ہی کو ان کا ثواب بھرپور دیا جائے گا بے گنتی ۔

روزہ صبر کا نصف ہے اس کا ثواب اندازہ وحساب سے بڑھ کر ہے اور اس کی فضیلت جاننے کے لئے یہی بات کافی ہے کہ سرورِ عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:

{4}…اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! روزہ دار کے منہ کی بو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بہتر ہے ، اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ فرماتا ہے: ’’یہ شخص اپنی خواہش اور کھانے پینے کو میرے لئے چھوڑتا ہے پس روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کی جزا دوں گا ۔ ‘‘ (4 )

{5}…جنت کا ایک دروازہ ہے جسے ریان کہا جاتا ہے جس میں صرف روزہ دار داخل ہوں گے ۔ (5 )

روزے کی جزا کے طور پر روزہ دار سے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی ملاقات کا وعدہ کیا گیا ہے ۔

{6}…روزہ دار کے لئے دوخوشیاں ہیں : ایک خوشی افطار کے وقت ، دوسری خوشی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے ملاقات کے وقت ۔ (6 )

{7}…ہر چیز کا ایک دروازہ ہے اور عبادت کا دروازہ روزہ ہے ۔ (7 )

{8}…روزہ دار کا سونا عبادت ہے ۔ (8 )

{9}…حضرت سیِّدُناابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ حضور نبی ٔ کریم ، رء وف رحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’جب ماہِ رمضان آتاہے تو جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں ، شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے اور ایک مُنادی ندا کرتا ہے: اے بھلائی کے طالب! آگے بڑھ اور اے

برائی چاہنے والے! باز آ ۔ ‘‘ (9 )

حضرت سیِّدُناوکیع عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْبَدِیْع نے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے اس فرمانِ عالیشان: كُلُوْا وَ اشْرَبُوْا هَنِیْٓــٴًـۢا بِمَاۤ اَسْلَفْتُمْ فِی الْاَیَّامِ الْخَالِیَةِ(۲۴) ( پ ۲۹ ، الحاقۃ :۲۴) ترجمۂ کنزالایمان :کھاؤ اور پیؤ رچتا ہوا صلہ اس کا جو تم نے گزرے دنوں میں آگے بھیجا ۔ کے متعلق فرمایا: اس سے مراد روزوں کے ایام ہیں کیونکہ ان دنوں انہوں نے کھانا پینا چھوڑ دیا اور مکی مدنی سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے دنیا میں زہد اختیار کرنے اور روزہ رکھنے کے رتبہ پر فخر کو جمع کرکے ارشادفرمایا ۔

{10}… بے شک اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نوجوان عابد پر فرشتوں کے سامنے فخر کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے: ’’اے میرے لئے اپنی خواہش کو ترک کرنے والے ، میرے لئے اپنی جوانی خرچ کرنے والے نوجوان! تو میرے نزدیک میرے بعض فرشتوں کی طرح ہے ۔ ‘‘ (10 )

{11}…آقائے دوعالم ، نورِ مجسم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے روزہ دار کے متعلق فرمایا کہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ارشادفرماتا ہے: ’’اے میرے فرشتو! میرے بندے کو دیکھو ، اس نے اپنی خواہش ، اپنی لذَّت اور اپنا کھانا پینا میرے لئے چھوڑ دیا ۔ ‘‘ (11 )

ارشاد باری تعالیٰ ہے :

فَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَّاۤ اُخْفِیَ لَهُمْ مِّنْ قُرَّةِ اَعْیُنٍۚ-جَزَآءًۢ بِمَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(۱۷) ( پ ۲۱ ، السجدۃ :۱۷)

ترجمۂ کنزالایمان :تو کسی جی کو نہیں معلوم جو آنکھ کی ٹھنڈک ان کے لئے چُھپا رکھی ہے صلہ ان کے کاموں کا ۔

اس کی تفسیر میں ایک قول یہ ہے کہ ان لوگوں کا عمل روزے رکھنا ہے کیونکہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کا فرمان عالیشان ہے:

اِنَّمَا یُوَفَّى الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَهُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ(۱۰) ( پ ۲۳ ، الزمر :۱۰)

ترجمۂ کنزالایمان :صابروں ہی کو ان کا ثواب بھرپور دیا جائے گا بے گنتی ۔

لہٰذاروزہ دار کو اس کی جزا وافر اور بے حساب دی جائے گی جو کسی گمان اور پیمانے کے تحت نہیں ہو گی اورمناسب یہی ہے کہ ایسا ہی ہو کیونکہ روزہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے ہے اور اس کی طرف منسوب ہونے کی وجہ سے اسے خصوصی مقام ومرتبہ حاصل ہے اگرچہ تمام عبادات اسی کے لئے ہیں یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے بَیْتُ اللّٰہ شریف کو تمام زمین پر فضیلت حاصل ہے اگرچہ تمام زمین اسی کی ہے کیونکہ بیت اللّٰہ شریف کو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے اپنی طرف منسوب کیا ہے ۔

دیگر عبادات پرروزے کی افضلیت کی وجہ:

اس کی دو وجوہات ہیں :(۱)…روزہ عمل کو چھوڑنے اور اس سے رکنے کا نام ہے اور یہ ذاتی طور پر پوشیدہ ہے اس میں دکھائی دینے والا کوئی عمل نہیں جبکہ دیگر تمام اعمال لوگوں کو نظر آتے ہیں ۔ روزے کو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ہی ملاحظہ فرماتا ہے اور وہ محض صبر کے ذریعے باطنی عمل ہے ۔ (۲)…یہ دشمن خدا(شیطان مردود) پر غلبہ پانے کا ذریعہ ہے کیونکہ شیطان لعین کا وسیلہ خواہشات ہیں ( جن کے ذریعے وہ بنی آدم کو دھوکا دیتاہے) اور شہوات کو تقویت کھانے پینے سے حاصل ہوتی ہے اسی لئے حضور نبی ٔ پاک ، صاحب لولاک صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’بے شک شیطان انسان میں خون کی طرح دوڑتا ہے پس بھوک کے ذریعے اس کے راستوں کو تنگ کرو ۔ ‘‘ (12 ) اسی وجہ سے حضور نبی ٔ اکرم ، رسول محتشم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ام المؤمنین حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے ارشاد فرمایا: ’’ہمیشہ جنت کا دروازہ کھٹکھٹاتی رہو ۔ ‘‘ انہوں نے عرض کی: ’’کس چیز سے؟‘‘ ارشاد فرمایا: ’’بھوک سے ۔ ‘‘ (13 )

عنقریب’’ مُہْلِکَات ‘‘ کے بیان میں کھانے کی خرابی اور اس کے علاج کے ضمن میں بھوک کی فضیلت بیان کی جائے گی ۔ لہٰذا (دیگر عبادات کے مقابلے میں )بالخصوص روزہ شیطان کی جڑ کاٹنے والا ، اس کے راستوں کو روکنے اور تنگ کرنے والا ہے تو وہ خصوصی طور پر اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے ساتھ نسبت کا مستحق ہوا اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے دشمن کی بیخ کنی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی مددسے ہی ممکن ہے اور مدد الٰہی تب شامل حال ہو گی جب بندہ دین الٰہی کی مدد کرے ۔ چنانچہ ، قرآن مجید ، فرقان حمید میں ارشاد ہوتاہے:

اِنْ تَنْصُرُوا اللّٰهَ یَنْصُرْكُمْ وَ یُثَبِّتْ اَقْدَامَكُمْ(۷) ( پ ۲۶ ، محمد :۷)

ترجمۂ کنزالایمان : اے ایمان والو! اگر تم دینِ خدا کی مدد کرو گے اللّٰہ تمہاری مدد کرے گااور تمہارے قدم جمادے گا ۔

پس ابتداء ً جدوجہد بندے کا کام ہے اور ہدایت کے ساتھ بدلہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے ہے ۔ اسی لئے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے ارشاد فرمایا:

وَ الَّذِیْنَ جَاهَدُوْا فِیْنَا لَنَهْدِیَنَّهُمْ سُبُلَنَاؕ- ( پ ۲۱ ، العنکبوت :۶۹)

ترجمۂ کنزالایمان :اور جنہوں نے ہماری راہ میں کوشش کی ضرور ہم انہیں اپنے راستے دکھادیں گے ۔

ایک مقام پر ارشاد فرمایا:

اِنَّ اللّٰهَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى یُغَیِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْؕ- ( پ ۱۳ ، الرعد :۱۱)

ترجمۂ کنزالایمان :بے شک اللّٰہ کسی قوم سے اپنی نعمت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدل دیں ۔

٤٠ من ٢٣٤
النص العربي
كتاب أسرار الصوم

النص منOpenITICC BY-NC-SA 4.0Shamela 9472أُخذ في 2026-10-21

هذا هو نص كتاب «إحياء علوم الدين» للغزالي بالعربية كما ورد في مدوّنة OpenITI، عن نسخة المكتبة الشاملة من طبعة دار المعرفة. لم يقابله أحد بالكتاب المطبوع ولا بمخطوط، ولم يراجعه أي عالم. وتذكر المدوّنة أن جزءًا من النص ناقص في بعض الصفحات وأن حواشي المحقق مختلطة بالنص؛ وكلاهما معروض كما هو. وقد وُضعت علامة عند نهاية كل صفحة من الطبعة المطبوعة. أما الترجمات فهي لمترجميها، أُخذت كلٌّ منها من النسخة المسمّاة معها وتُعرض نصًّا قائمًا بذاته تحت كل كتاب بعناوينها هي: لا تُقابَل أيٌّ منها سطرًا بسطر مع العربية، والإنجليزية لكريم مختصرة كما يقول مترجمها، وكلٌّ منها تحتفظ بأخطاء النسخة التي أُخذت منها. لم تترجم «سبيل» شيئًا، ولم تقابل أي ترجمة بالعربية، ولم يراجع أيَّ ترجمةٍ عالمٌ.